عمران خان کے علاوہ کوئی وزیراعظم قبول نہیں: شوبز شخصیات کا ردعمل

 اسلام آباد(24نیوزاُردو) وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات کی جانب سے عمران خان کی حمایت میں  بیانات سامنے آئے تاہم سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد یہ سلسلہ مزید بڑھ گیا ہے۔


اداکارہ زارا نور عباس نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس پر  لکھا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے علاوہ کسی دوسری پارٹی کو قبول نہیں کریں گی اور نا ہی عمران خان کے علاوہ کس دوسرے شخص کو ملک میں وزیراعظم قبول کریں گی۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئےان کے حق میں پوسٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان ایک ون مین آرمی ہیں، جو ان تمام لوگوں کے خلاف اکیلے کھڑی ہے جنہوں نے لوٹ مار کی ہے اور اقتدار میں آنے کی صورت میں بھی کرتی رہے گی۔

فیصل قریشی نے قائداعظم محمد علی جناح کے ہمراہ عمران خان کی تصویر انسٹااسٹوری پر شیئر کی جس کے کیپشن میں قائد اعظم اور عمران خان کےبیانات درج تھے۔

اسٹوری میں قائد اعظم کا فرمان تھا کہ مسلمانوں کو گھبرانا نہیں ہے وہیں عمران خان کا بیان درج تھا کہ گھبرانا نہیں ہے۔

اداکار اسد صدیقی نے ٹوئٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی بھی آئین کے خلاف نہیں جا سکتا، سپریم کورٹ کا فیصلہ منصفانہ ہے۔ 

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے از خود نوٹس فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے  قومی اسمبلی کو بحال کردیا۔

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کو ہفتے کی صبح اسمبلی کا اجلاس بلانے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروانے کا حکم دے دیا۔

Leave a Comment